لاہور۔24 اگست(اے پی پی )ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی ہارون رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ امپائرز اور میچ ریفریز کے لیے لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں سالانہ ورکشاپس کا آغاز 25 اگست بروز اتوار سے کررہا ہے۔ ورکشاپس کے انعقاد کا مقصد ملک بھر کے میچ آفیشلز کو جدید قوانین سے آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ پی سی بی ڈومیسٹک پلیئنگ کنڈیشنز، کوڈ آف کنڈکٹ اور لباس کے قوانین سے روشناس کروانا ہے۔ہارون رشید نے کہا کہ میچ آفیشلز کو تازہ ترین پلیئنگ کنڈیشنز سے آگاہی دینے کے لیے پی سی بی ان ورکشاپس کا انعقاد سالانہ بنیادوں پر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان ورکشاپس کے انعقاد سے ڈومیسٹک کرکٹ میں کام کرنے والے میچ آفیشلز کو بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والے امپائروں سے بات چیت کا موقع ملتا ہے۔ انٹرنیشنل امپائرزکا تجربہ ڈومیسٹک آفیشلز کو کھیل کے دوران دباو برداشت کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔