لیڈز۔25 اگست (اے پی پی) بین سٹوکس کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت انگلینڈ نے آسٹریلیا کو تیسرے ایشز ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد 1 وکٹ سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی، انگلش ٹیم نے 359 رنز کا ہدف میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، 286 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد سٹوکس کینگروز باﺅلرز کے سامنے چٹان بن گئے، انہوں نے غیرمعمولی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باﺅلرز کی خوب درگت بنائی، انہوں نے جیک لیچ کے ساتھ مل کر آخری وکٹ کی شراکت میں 76رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلوائی، سٹوکس نے 8 چھکوں کی مدد سے 135 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر آسٹریلیا کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتوار کو لیڈز ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلش ٹیم نے 156 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے کامیابی کیلئے مزید 203 رنز درکار تھے جبکہ جوروٹ 75 اور بین سٹوکس 2 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے چھٹے اوور میں نیتھن لیون نے روٹ کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، وہ 77 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے،