انقرہ ۔24 اگست (اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردوان آئندہ ہفتے روس جائیں گے، بتایا گیا ہے کہ وہ 27 اگست کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے، دونوں رہنماوں کے درمیان گزشتہ روز ٹیلی فون پر بات چیت بھی ہوئی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ اس دورے کا مقصد شام کے شمالی حصوں میں جاری لڑائی کو روکنے کی کوشش ہو گا۔ ترک میڈیا پر سامنے آنے والی رپورٹوں کے مطابق ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں طیب اردوانکا کہنا تھا کہ بشارالاسد کی حامی فورسز کی کارروائیوں کی وجہ سے شمالی شام میں انسانی بحران پیدا ہو رہا ہے جبکہ اس سے ترکی کی قومی سلامتی بھی خطرات کا شکار ہے۔