سرینگر ۔25 اگست (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تمام لوگوں ، سرکاری ملازمین، افسروں اور پولیس اہلکاروں پر زوردیا ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔پانچ اگست کو بھارت کی طرف سے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعدکشمیرمیڈیا سروس کو اتوار کو موصول ہونے والے پہلے باضابطہ بیان میں سیدعلی گیلانی نے کہا کہ ہمارے پاس مقابلہ کرنے کے سوا کوئی متبادل راستہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر بھارت اپنی پوری فوج بھی مقبوضہ کشمیر لے آئے تب بھی کشمیر ی عوام اپنے حقوق اور آزادی کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہونگے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین نے کہاکہ بھارت کے تمام تر منفی ہتھکنڈوںکے باوجود مسئلہ کشمیر دنیا بھر میںپہلے سے زیادہ گونج رہا ہے جس کا واضح ثبوت کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا حالیہ اجلاس اور کشمیر یوں کے موقف کی بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں پذیرائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ان کی بڑی کامیابی ہے کہ حق خودارادیت کے لےے جدوجہد اور کشمیریوں کے سیاسی موقف کا منصفانہ ہونے کے سوا اب کوئی بیانیہ نہیں رہا۔ انہوں نے کہاکہ یہ تمام طبقوں کے لےے آخری سنہری موقع ہے کہ وہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی کے لےے کشمیری عوام کی جدوجہدمیں شامل ہوجائیں۔