اسلام آباد ۔ 22 اگست (اے پی پی) صارفین کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لئے زونگ چائنہ موبائل پاکستان (سی ایم پاک) نے فائیو جی کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ اس حوالے سے تقریب جمعرات کو زونگ ہیڈ آفس میں منعقد کی گئی جس میں سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی، چیئرمین پی ٹی اے عامر عظیم باجوہ، پاکستان میں چین کے قونصلر اکنامک اینڈ کمرشل ڈاکٹر وانگ ژوہوا کے علاوہ مختلف سرکاری اداروں، ٹیلی کام انڈسٹری اور کارپوریٹ سیکٹر کے حکام نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ آج ملک کی تاریخ کا اہم دن ہے اور ہم فائیو جی ٹیکنالوجی میں قدم رکھنے جارہے ہیں، اس سے نہ صرف ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی بلکہ روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہمارے بہترین دوست ملک چین کی ٹیکنالوجی کو دنیا آج تسلیم کر رہی ہے، ہمیں دیگر شعبوں کی طرح آئی ٹی کے شعبے میں بھی چین کا تعاون درکار ہے اور اس مقصد کے لئے چین کا سفارتخانہ مزید اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔