نیو یارک۔ 12 اگست (اے پی پی) عید الاضحی کے موقع پر امریکا بھر میں عید کے اجتماعات میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سلامتی اور تحفظ کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ امریکا سے موصولہ پیغامات کے مطابق (اتوار) کو عید کے موقع پر عید کے اجتماعات میں نماز کی ادائیگی کے بعد مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کی پر امن جدوجہد کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ عید کے خطبات میں علمائے کرام نے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر مبذول کراتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ایک ہفتہ سے عوام کو اپنے ہی گھروں میں قید کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے بھارت کو ظلم و ستم سے روکے۔ نماز عید کے بعد فلسطینی بھائیوں کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں اور اس کے علاوہ مسلمانوں کے اتحاد اور عالمی سطح پر امن و امان اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بھی دعائیں کی گئیں اور کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے آواز بلند کی گئی۔ عید کے اجتماعات مختلف مساجد ، پارکوں اور ہوٹلوں میں منعقد ہوئے۔ عید کا بڑا اجتماع نیو یارک کے اسلامک سینٹر میں ہوا جس میں مختلف ممالک اور اقوام متحدہ میں خدمات سرانجام دینے والے سفیروں نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے قومی لباس زیب تن کئے اور انہوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور عید ملے ۔