اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) قوم یوم آزادی یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منا رہی ہے۔ آج (بدھ) پاکستان کا یوم آزادی روایتی جوش وجذبے اور یوم یکجہتی کشمیرکے طورپر منایا جارہاہے جس کا مقصد ظلم و جبر کا شکار کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرناہے۔ ملک بھر میں دن کا آغاز مساجد میں نماز فجرکے بعد ملک میں امن، ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ اسلامی علاقوں کی آزادی کے لئے خصوصی دعاﺅں کے ساتھ ہوا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں، گلگت اور مظفرآباد میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 توپوں کی سلامی سے ہوا ۔ صوبہ پنجاب کے داراحکومت لاہور گیریژن میں بھی دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور گیریژن میں بھی جشن آزادی کے سلسلے میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کینٹ میں بھی دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا اور مظفرآباد، گلگت بلتستان میں بھی 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔