لیڈز ۔24 اگست (اے پی پی) آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا ایشز ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں 246 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور اس نے انگلش ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 359 رنز کا ہدف دیا ہے، مارنش لبوشگنی 80 رنز بنا کر نمایاں رہے، جواب میں انگلش ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا لئے تھے، انگلینڈ کو کامیابی کیلئے مزید 203 رنز اور آسٹریلیا کو 7 وکٹیں درکار ہیں، 15 کے سکور پر 2 وکٹیں کھونے کے بعد جوروٹ اور جوئے ڈینلی حریف باﺅلرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کر کے ٹیم کو سہارا دیا، ڈینلی 50 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے لیکن روٹ 75 رنز بنا کر ڈٹے ہوئے ہیں۔