اسلام آباد ۔ 22 اگست (اے پی پی) مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا کے ہمراہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے ٹی ڈی اے پی میں اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں وزارت تجارت اور ٹی ڈی اے پی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ٹی ڈی اے پی کے حکام نے مشیر تجارت عبدالرزاق داود کو درپیش مسائل اور ان کے حل کےلئے بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں پاکستان کے برآمداتی شعبے کو مزید سہولیات فراہم کرنے کےلئے اتھارٹی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت۔ اس موقع پر مشیر تجارت نے اتھارٹی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیٹابیس کے قیام سے فیصلہ سازی میں بہتری آئی ہے جبکہ اس وقت ہیومن ریسورس کی صلاحیتوں کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ان اقدامات سے نہ صرف پاکستان کے برآمداتی شعبے کو سہولیات ملیں گی بلکہ پاکستان کی تجارتی اعداد و شمار میں واضح بہتری نظر آئے گی۔