اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) بھارتی حکومت نے کل بھارت کے یوم آزادی سے قبل مقبوضہ کشمیر میںپابندیو ں کا سلسلہ مزید سخت کر دیا ہے جس کی وجہ سے محکوم کشمیریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نریندر مودی حکومت کی طرف سے رواں ماہ کے آغاز میں بھارتی آئین کی دفعہ 370کی منسوخی کے ذریعے جموں وکشمیر کی خصوصی ختم کیے جانے کے بعد سے مقبوضہ علاقہ سخت محاصرے میں ہے ۔ مقبوضہ علاقے میں ذرائع ابلاع کی معطلی کا سلسلہ آ ج مسلسل دسویں روز بھی جاری ہے اور بھارتی انتظامیہ نے انٹرنیٹ اور ٹیلیفون کے ذرائع معطل اورمیڈیا پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ بھارتی حکومت نے 5اگست کو دفعہ 370کو منسوخ کرنے کے اپنے فیصلے کے خلاف کشمیریوں کے مظاہروںکور وکنے کیلئے ٹیلی ویژن ، ٹیلیفون اور انٹرنیٹ کی سروسز بند کر رکھی ہیں۔