جمیکا۔25 اگست (اے پی پی)آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ویسٹ انڈین ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 222 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، بھارتی ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنا کر مجموعی طور پر 260 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا راہانے نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 104 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، راہانے 53 اور کوہلی 51 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ نارتھ ساﺅنڈ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ویسٹ انڈین ٹیم نے 189 رنز 8 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم گزشتہ دن کی اننگز میں 33 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 222 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، کپتان جیسن ہولڈر 39، کیمر روچ اور میگل کمنز بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، شینن گبرائل 2 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے