اسلام آباد ۔ 23 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے بحری امور سیّد علی حیدر زیدی نے جمعہ کو یہاں وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیر بحری امور نے وزیراعظم کو کلین کراچی مہم کے تحت شہر قائد میں صفائی ستھرائی کے حوالہ سے ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کراچی جیسے بڑے اور اہم شہر میں کچرے کیلئے گاربیج ٹرانسفر سٹیشنز کی کم تعداد کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی تعداد کو ایک مربوط حکمت عملی کے تحت بڑھانے اور کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی ملک کا اقتصادی مرکز ہے، ماضی کی بدانتظامی نے شہر قائد کا روایتی حسن تباہ کیا اور کراچی کے مکینوں کی زندگی کو اجیرن کر دیا ہے، اس صورتحال کا مکمل تدارک ضروری ہے ۔ انہوں نے نے کراچی سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو بھی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت کی۔