اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان (کل) بدھ کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے یوم آزادی 14 اگست کو مظفرآباد پہنچیں گے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 14 اگست یوم آزادی کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کے اپنے بہادر کشمیریوں اور ان کی حق خودارادیت کی جدوجہد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔ بیان کے مطابق بھارت کے یوم آزادی 15 اگست کو بھارتی مقبوضہ کسمیر کی حیثیت بدلنے کے غیر آئینی اقدام، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف وزری اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کرفیو کے نفاذ اور بھارت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف احتجاج کے طور پر بطور یوم سیاہ منایا جائے گا۔