راولپنڈی25اگست( اے پی پی)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے پہلے مالی سال کے بجٹ میں 10 بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کے لئے پی سی ون بنا کر 7.8بلین روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں جوکہ ہماری وزارت کی بڑی کامیابی ہے۔ پلاسٹک بیگ کے استعمال کے خلاف قانون سازی کروائی گئی اور خصوصی مہم چلاکر اس کی بندش کے خلاف کاروائی شروع کردی گئی ہے۔پنجاب میں پولیتھن بیگزپر قانونی سازی کرنے کے بعد آئندہ دو ماہ میں پابندی لگا دی جائے گی۔کلین اینڈگرین پروگرام کے تحت ملک بھر کے بیس بڑے شہروں میں پلانٹیشن کے ساتھ پارکس کی تعمیر،ماحول کوآلودگی سے پاک کرنا،پینے کاصاف پانی کی فراہمی اورسیوریج کانظام بہتر کیا جائے رہا ہے۔ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے ای وہیکلز پالیسی کو منظوری کے لئے وفاقی کابینہ میں سمری بجھوادی گئی ہے،ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے گذشتہ روز” اے پی پی” کو خصوصی انٹرویودیتے ہوئے کیا۔