اسلام آباد ۔25 اگست (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات زاہدہ پروین نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی نایاب تصاویر تک عوام کی رسائی کےلئے ملک بھر کے بڑے شہروں میں 25دسمبر کو نمائش کارواں منعقد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی کی مناسبت سے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی)کے زیر اہتمام ایف نائن پارک میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی نایاب تصاویر کی نمائش کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر طاہر خوشنود اور پی آئی ڈی کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پی آئی ڈی کے پاس قائداعظم محمد علی جناح کی نایاب تصاویر کا وسیع ذخیرہ موجود ہے۔ ان تصاویر کو پہلے عوام نے نہیں دیکھا۔ پی آئی ڈی میں ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ان نایاب تصاویر تک عوام کی رسائی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان سے پہلے اور بعد میں مختلف علاقوں کے دورے کیے اور مختلف اجلاسوں میں شرکت کی۔