اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہماری نوجوان نسل اور قیادت محب وطنی کے جذبہ سے سرشار ہیں، ذاتی مفادات سے قومی مفادات کو بالاتر سمجھتی ہے، اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد سے رہنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ایسی قوم اور قیادت ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ضرور ادا کرے گی۔ یہ بات انہوں نے 72ویں یوم آزادی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ یوم آزادی ہم کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منا رہے ہیں، پوری قوم اپنے کشمیری بھائی، بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی ہر فورم پر بھرپور حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی بلاشبہ لازوال نعمت ہے اس کے حصول کےلئے ہمارے بزرگوں اور اکابرین نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، لہذا سب کا فرض بنتا ہے کہ اس عظیم نعمت کی قدر کریں اور اپنے اکابرین کے نقشے قدم پر چل کر اس ملک کو عظیم سے عظیم تر بنائیں، ہمیں اپنی نوجوان نسل اور قیادت پر فخر ہے جو کہ محب وطنی کے جذبہ سے سرشار ہیں اور ذاتی مفادات سے قومی مفادات کو بالاتر سمجھتی ہے اور اپنی صفوں میں اتفاق اور اتحاد سے رہنے کی صلاحیت رکھتی ہیں ایسی قوم اور قیادت ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ضرور ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان بزرگوں، جوانوں اور شہداءکو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور دنیا کے نقشہ پر پاکستان کو ایک آزاد اور خود مختار ریاست کا وجود بخشا۔