اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے ڈنمارک کی پارلیمان کا دورہ کیا جہاں ڈنمارک پارلیمنٹ کے منتخب رکن سکندر صدیق نے ان کا استقبال کیا ۔چوہدری فواد نے ڈنمارک کی پارلیمان کے رکن سکندر صدیق اور دیگر شرکاء کو مسئلہ کشمیر سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر کے معاملہ پر اپنا کردار ادا کرے،وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھارہا ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف اپنا کردار ادا کرے۔ ڈنمارک کے رکن اسمبلی سکندر صدیق نے کہا کہ ڈنمارک کے ایوان میں مسئلہ کشمیر پر تحریک لا ئی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرڈنمارک کے وزیر اعظم اور متعلقہ حکام سے انسانی حقوق بارے خصوصی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا جائے گا تاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرکے انسانی حقوق پر ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کرے۔