راولپنڈی ۔24 اگست (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کامنہ توڑجواب دینے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ ہفتہ کوپاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت میں فارمیشن ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورت حال کے حوالے سے ہم مشرقی سرحد پر لاحق خطرات سے بخوبی آگاہ ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت کو ناکام بنانے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں ۔ انہوں نے سخت موسمی حالات ، جغرافیائی دشواریوں اور دنیا کے بلند ترین فوجی محاذ پر موجود دشمن کی موجودگی جیسے چیلنجوں کے باوجود فوجی جوانوں کی تیار ی اور ان کے مورال کو سراہا ۔ آرمی چیف نے فارمیشن ہیڈکوارٹر میں یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔