اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیرمیں بہنے والے لہوکے چھینٹے ہمارے دلوں پرگرتے ہیں، کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنے تک تقسیم ہند کاایجنڈامکمل نہیں ہوسکتا۔ یہ بات انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان میں یوم آزادی کشمیریوں سے یکجہتی کے طور پر منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا، کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈاہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنے تک تقسیم ہند کا ایجنڈا مکمل نہیں ہوسکتا، آج قائدکے فرمودات پرعمل پیراہونے کے عزم کااعادہ کرنے کادن ہے۔