اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی) کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تاررڑ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی قابض فورسز کے ظلم ، تشدد اور سفاکانہ کارروائیوں کے باعث مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے ذہنی امراض و عوارض کی روک تھام کیلئے عالمی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں داخلے کی اجازت دے ۔ کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاک کینیڈا ایسوسی ایشن کے زیر انتظام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ذہنی امراض کے شکار لاکھوں کشمیریوں کو ریلیف مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ چند محتاط جائزوںکے مطابق جبری گمشدگی ، ماورائے عدالت ہلاکتوں، پیلٹ گن کے استعمال اور بڑی تعداد میں کشمیری خواتین کی بے حرمتی سے مقبوضہ کشمیر میں تقریباً 45 فیصد لوگ ذہنی امراض کا شکار ہو چکے ہیں۔