اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دہشت گردی کے بارے میں بھارتی وزیر اعظم مودی کے ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان مخالف بیان بازی سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور ریاستی دہشت گردی کو چھپا نہیں سکتا اور نہ ہی مقبوضہ کشمیر میں حالیہ یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات سے عالمی توجہ کو ہٹا سکتا ہے۔جمعرات کو ترجمان نے بھارتی وزیر اعظم کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے پاکستان کے بارے میں تعصب اور دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور یہ بیان بھارت کی طرف سے کئی دہائیوں سے چلنے والی منفی مہم کا عکاس ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان مخالف بیان بازی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ریاستی دہشت گردی کو چھپا نہیں سکتی اور نہ ہی اس قسم کے ریمارکس سے بھارت پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات سے عالمی توجہ کو ہٹا سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو چالیسویں روز بھی جاری رہا، جس سے کشمیری عوام کے مصائب میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔