عوام کی خوشحالی اور قومی ترقی کے لئے حکومتی اقدامات کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام کی خوشحالی اور قومی ترقی کے لئے حکومتی اقدامات کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند اور اقتصادی صورتحال میں بہتری کی جانب گامزن ہیں،ٹیکس ریونیو بڑھانا اور مالیاتی خسارے کو کنٹرول رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں گزشتہ سال کے 509 ارب کے مقابلے میں580 ارب روپے ٹیکس جمع کیا، ایف بی آر میں 6 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ ہوا۔اس کامیابی کا سہرا عمران خان کے سر ہے جنہوں نے پاکستان میں پہلی بار ٹیکس وصولی کے فرض کو قومی تحریک کی شکل دی، پہلی بار حکمرانوں کے بجائے قومی خزانے کی آمدن بڑھ رہی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ ملک وقوم اور معیشت کے لیے خوشخبری ہے،دو سیلولر کمپنیوں سے لائسنس فیس کی مد میں 70 ارب روپے وصول ہوئے،ایک اور کمپنی سے مزید 70 ارب وصول ہونے کی امید ہے،اس سیکٹر سے مجموعی طور پر 200ارب روپے حاصل ہوں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73%کمی یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے، برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں واضح کمی آئی،ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلیے کوشاں ہیں۔