قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق کی پریس کانفرنس

کراچی۔ 25 ستمبر (اے پی پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکا کی ٹیم کا پاکستان کا دورہ ایک خوش آئند بات ہے اور اس سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوگی۔ انہوں نے پاکستان سری لنکا ون ڈے سیریز سے قبل بدھ کو یہاں نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ملک میں لائیو کرکٹ دیکھنے کے ترس گئی تھی اور اب انٹظار کی گھڑیاں ختم ہوگئی ہیں، ہم سب کو اب لائیو کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں پہلے کھلاڑی کی حیثیت سے کرکٹ کھیل چکا ہوں اور اب میرا مختلف کردار ہے اور پہلے سے زیادہ ذمہ داری ہے، امید ہے کہ ہم سب کو ایک اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور پاکستان کا ایک اچھا امیج قائم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہیئے کہ مستقل مزاجی سے ملک میں کرکٹ سیریز ہوں اور اس سلسلے میں ہمیں مزید کوششیں کرنی چاہیئں تاکہ ملک میں کرکٹ متاثر نہ ہوسکے، حکومت سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ اور سیکورٹی ایجنسیز کوشش کررہی ہیں کہ شائقین کرکٹ کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے اور میچز کے لئے تمام انتظامات بہتر طریقے سے انجام دئیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے حالات پاکستان میں ہیں ایسے ہی حالات دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ہیں اور کرکٹ کھیلنے والے تمام ممالک کو چاہیئے ایسے حالات جہاں بھی ہوں وہاں کرکٹ کو سپورٹ کریں اور مستقل بنیادوں پر کرکٹ میچز کا انعقاد کریں۔ مصباح الحق نے دنیائے کرکٹ سے پاکستان کیلئے ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہو یا کوئی اور ملک، کہیں بھی کچھ بھی ہوسکتا ہے، ہمیں کرکٹ کو جاری رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کرکٹ کو چاہیئے کہ اب وہ پاکستان آکر کرکٹ کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے لئے پاکستان آکر کرکٹ کھیلنا ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن انہوں نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے، اسی طرح دیگر ممالک کی کرکٹ ٹیموں کو بھی کوشش کرنی چاہیئے کہ وہ پاکستان آکر کرکٹ کھیلیں۔