اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے جمہوری کیلنڈر کا ایک سال مکمل کرلیا،پارلیمنٹ اب فنکشنل اور کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔وزیراعظم آج مظفرآباد میں کھڑے ہو کر ہندوستان کے ریاستی چہرے کو بے نقاب کریں گے۔صوبے کو تقسیم کرنے کے حوالے سے بیان کی مذمت کرتی ہوں جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر ذاتی مفادات کا تحفظ کرنے والوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کر دیا۔آئین کے آرٹیکل 149کے حوالے سے وزیر قانون کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا حکومت نے کہیں بھی گورنر راج لگانے کی بات نہیں کی اور نہ ہی حکومت کسی صوبہ کے جمہوری حق کو سلب کرنا چاہتی ہے۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان بھر کے جمہوری سوچ اور جمہوریت پر یقین رکھنے والے عوام کو مبارکباددیتی ہوں کہ پارلیمنٹ نے جمہوری کیلنڈر کا ایک سال مکمل کرلیا ہے،پارلیمنٹ اب فنکشنل ہے اور کلیدی کردار اداکررہی ہے، صدر کا پارلیمنٹ سے خطاب اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ تمام مشکلات کے باوجود اپوزیشن اور حکومت کے جمہوری تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کیا اور تنقید بھی کی اور جمہوری عمل کو مضبوط بنایا جس کا مقصد کہ اب پارلیمنٹ فنکشنل ہے۔