وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نیویارک میں میڈیا سے گفتگو

نیویارک/اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے سات روزہ دورہ امریکہ کا بنیادی مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے، وزیر اعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے‘ وزیر اعظم فناشل ورلڈ کے اہم لوگوں سے بھی ملاقات کریں گے اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر بتائیں گے کہ کس طرح بڑے ممالک کو منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسے کی ترسیل ہوتی ہے اور تیسری دنیا کے ممالک غربت کا شکار ہوتے ہیں، صدر ٹرمپ سے بھی وزیر اعظم عمران خان کی ملاقات متوقع ہے۔ یہاں موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق وہ نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک کشمیری وفد سے ملاقات کریں گے اور ان کے تاثرات لیں گے اور ان سے مشاورت کی بنیاد پر ہم اپنی مصروفیات جاری رکھیں گے،وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے،اس کے علاوہ تھنک ٹینکس کے ساتھ بھی ان کی ملاقاتیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے دو معروف تھینک ٹینک سایشیا سوسائٹی اور کونسل فار فارن ریلیشنز سے بھی وزیر اعظم ملیں گے اور تبادلہ خیال کریں گے،وزیراعظم عمران خان کے سات روزہ دورہ امریکہ کا بنیادی مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی، ملائشیا اور پاکستان مل کر ایک سہ ملکی اجلاس اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے حوالے سے کر رہے ہیں۔