اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) پاکستان نے منی لانڈرنگ، دہشت گردی کیلئے مالیاتی وسائل کے انسداد اورمالیاتی جرائم کے خاتمے کیلئے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔پاکستان نے اپنے اس عزم کی تجدید ایشیاءاور بحرالکاہل کے خطہ کیلئے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے مشترکہ گروپ کے اجلاس میں کیا ہے۔ دوروزہ اجلاس تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں منعقد ہوا۔ وفاقی وزیراقتصادی امور حماد اظہر نے اجلاس میں پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت کی۔ پاکستان کے وفد نے ایشیاءاور بحرالکاہل کے خطہ کیلئے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے مشترکہ گروپ کو ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان بارے پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات اوراس ضمن میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ پاکستانی وفد نے ایشیاءاور بحرالکاہل کے خطہ کیلئے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے مشترکہ گروپ کو ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے ہرنکتہ سے متعلق اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور اس ضمن میں اضافی معلومات اور وضاحتیں بھی پیش کیں۔