اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ملاقات کی جس میں گورنر پنجاب نے راولپنڈی وویمن یونیورسٹی سیٹلائیٹ ٹاﺅن کے آرڈیننس کانوٹیفکیشن وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے حوالے کیا۔آرڈیننس کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر عالیہ سہیل کو وائس چانسلر جبکہ ایسوسی ایٹ پروفیسر زینب جاوید کو یونیورسٹی کے رجسٹرار کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ہیں ۔ جمعہ کو وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ملاقات کی جس میں مختلف امور بشمول راولپنڈی وویمن یونیورسٹی کو فنکشنل کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے راولپنڈی وویمن یونیورسٹی کا نوٹیفکیشن شیخ رشید کے حوالے کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گورنر پنجاب و چانسلر چوہدری سرور نے پروفیسر ڈاکٹر عالیہ سہیل کو مستقل وائس چانسلر کی تقرری تک راولپنڈی وویمن یونیورسٹی کا وائس چانسلر اور ایسوسی ایٹ پروفیسر زینب جاوید ڈار کو مستقل رجسٹرار کی تقرری تک یونیورسٹی کے رجسٹرار کی اضافی ذمہ داریاں سونپے کی منظوری دیدی ہے ۔گورنر پنجاب نے ہدایات دیں ہیں کہ یونیورسٹی کو جلد از جلد فعال کیا جائے ۔ وفاقی وزیرریلو شیخ رشید احمد نے راولپنڈی وویمن یونیورسٹی کے آرڈیننس کے اجراءپر گورنر پنجاب چوہدری سرور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ہم اقتدار میں آئے ہیں راولپنڈی کے لئے بچیوں کے سکول ،کالجز اور یونیورسٹی کا قیام عمل میں لائے ہیں ، راولپنڈی وویمن یونیورسٹی راولپنڈی اور گردونواح کے لاکھوں رہائشیوں کے لئے ایک تحفہ ہے۔