اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق صاحبزادہ محبوب سلطان سے چائنہ مشنری انجینئرنگ کارپوریشن (سی ایم ای سی) کے وفد نے ملاقات کی۔ پیر کو ہونے والی ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ سی ایم ای سی اور چین کے پاکستان میں سفارتخانہ، پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی) اور چائنہ ایگریکلچر ایسوسی ایشن فار انٹرنیشنل ایکسچینج (سی اے اے آئی ای) مشترکہ تعاون سے ”چائنہ پاکستان ایگریکلچر کوآپریشن سمٹ“ کا انعقاد کرانے کی خواہاں ہیں جس میں زرعی کمپنیوں، سفیروں، چینی اور پاکستانی اعلیٰ حکام کو مدعو کیا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ موجودہ حکومت زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے پرعزم ہے، زرعی شعبہ کی بہتری کیلئے 13 میگا پراجیکٹ ملک بھر میں شروع کئے گئے ہیں جس کیلئے چین تکنیکی تعاون کر رہا ہے۔