کراچی۔ 18 ستمبر (اے پی پی) پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءکے اعزاز میں پاک بحریہ کی جانب سے کراچی میں تقریبِ تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءکو میڈلز اور نقد انعامات سے نوازا۔ تقریب انعامات قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعلیمی سرگرمیوں اور کھیلوں میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعامات دینے اور ان کی صلاحیتوں کے اعتراف میں منعقدکی گئی تھی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے طلباءکی کارکردگی اور محنت کی تعریف کی اور پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں کے معیار کو سراہتے ہوئے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ بحریہ کے تعلیمی ادارے نہ صرف طلباءکی صلاحیتوں و مہارتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ انہیں اس قابل بھی بناتے ہیں کہ وہ نہ صرف اپنے تعلیمی ادارے بلکہ ملک کے لئے اعزاز حاصل کرسکیں۔