عالمی تجارتی کشیدگی کے باعث سرمایہ کاری میں رکاوٹ، غربت کی شرح بڑھ سکتی ہے، ورلڈ بینک کا انتباہ

واشنگٹن ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ دنیا میں جاری تجارتی کشیدگی کے باعث سرمایہ کاری میں رکاوٹ کا سامنا ہے اور سرمائے کے بغیر اقتصادی سرگرمیوں سے غربت کی شرح میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار ورلڈ بینک کے چیف ماہر اقتصادیات پائن لوپی کوجیانو گولڈ برگ نے گزشتہ روز ایک انٹرویو میں کیا۔انھوں نے کہا کہ دنیا میں جاری تجارتی کشیدگی سے عالمی اقتصادی شرح نمو متاثر ہورہی ہے، ترقی کے بغیر لوگ لامحالہ جدوجہد کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ چین تجارتی جنگ تمام عالمی جھگڑوں کا مرکز ہے کیونکہ اس سے سینکڑوں ارب ڈالر کی تجارت متاثر ہورہی ہے، امریکہ کی یورپی یونین سے بھی مزاحمت کی صورتحال، کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ تجارت بارے قوانین بھی تبدیل کررہا ہے اس کے علاوہ برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلاءبھی تجارتی کشیدگی کا ایک عنصر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس غیر یقینی کی صورتحال میں سرمایہ کاری کا عمل کم ہوچکا ہے جس سے بالخصوص افریقہ جیسے غریب علاقوں میں اقتصادی ترقی کی شرح نمو متاثر ہورہی ہے ،اس کا مطلب ہے کہ کچھ ممالک کبھی غربت کی چکی سے نہیں نکل پائیں گے۔