اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری ٹیکسٹائل انڈسٹری عالیہ حمزہ ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سب پر واضح کیا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کے دوران لوٹی گئی قومی دولت کی وصولی کے لئے پرعزم ہے۔جمعرات کوایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کررہی ہے جس کی وجہ سے اپوزیشن جماعتیں حکومت کی نمایاں کارکردگی کو روکنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے جمعیت علمائے اسلام ایف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کو ایک سیاسی ڈرامہ قرار دیا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں آزادی مارچ کے معاملے پر پہلے ہی الجھن میں ہیں کیوں کہ مارچ میں شرکت اور تاریخ طے کرنے یا تاریخ کو حتمی شکل دینے کے بارے میں ان کے بیانات کو تبدیل کیا جارہا ہے، الجھی ہوئی اپوزیشن احتساب کے عمل کو بند نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد آزادی مارچ کے پیچھے حزب اختلاف کی جماعتیں اپنے سیاسی مقاصد حاصل نہیں کرسکتی ہیں کیونکہ آنے والی حکومت نے مولانا سمیت حزب اختلاف کی جماعتوں کے رہنماؤں کا چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔