سیالکوٹ ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن بدعنوان عناصر کی خاطر مذہب کارڈ استعمال کر رہے ہیں، گمراہ ٹولہ عوام کو گمراہ کرنے میں ناکام رہے گا، وزیراعظم ان سے لوٹا ہوا پیسہ بازیاب کرائیں گے اور قوم کی ترقی پر خرچ کریں گے، وزیراعظم عمران خان دنیا کے مقبول ترین رہنما ہیں، وزیراعظم کا مسلم امہ کےلئے کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، مخالفین مسئلہ کشمیر اور میرپور میں زلزلہ کے موقع پر گونگے بہرے بن گئے، انہوں نے مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز نہیں اٹھائی، عمران خان نے کشمیریوں کا وکیل¾ سفیر اور ترجمان بن کر مظلوم کشمیریوں کو حق دلانے کے لئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈھلم غازی میں سوئی گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوام تک سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں، غریبوں نے غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر عمران خان کو ووٹ دئیے ہیں، اس علاقے کے لوگ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسان کاروباری مواقع کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، سی پیک منصوبوں سے روزگار کے مواقع فراہم ہونگے کیونکہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ چین کے دوران سی پیک اتھارٹی کے تحت متعدد معاہدے کیے ہیں جن میں پاکستانی نوجوانوں کو روزگار فراہمی کی ضمانت دی گئی ہے۔ سی پیک منصوبے کے تحت اکنامک زونز بن رہے ہیں، صنعت کا پہیہ چلے گا تو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے اور بے روزگاری ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار سابق حکمران بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، ان لوگوں نے اپنی عیاشیوں کے لئے ملک کو قرضوں میں ڈبویا، انہوں نے ایون فیلڈ سمیت اپنے بچوں کی خوشیوں کے لئے قوم کے بچوں کی خوشیوں کو قربان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے نوجوان طبقے کی فلاح کےلئے سرگرم عمل ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے ملکی خزانے کو لوٹنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔