سیالکوٹ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نسل در نسل سیاست کرنے والے دو خاندانوں پر محیط ٹولے نے ملک کی سیاست پر قبضہ کر رکھا تھا‘ دونوں نے مل کر باریاں لگائی ہوئی تھیں جن سے ملک کی عوام ناامید ہو چکی تھی، اللہ تعالیٰ نے ان کے لئے ایک راستہ نکالا اور عمران خان جیسا نڈر، بہادر لیڈر ان کے سامنے لا کھڑا کیا جو نہ صرف ان دونوں خاندانوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گیا ہے بلکہ ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر رہا ہے‘عمران خان ملک کی تقدیر بدلے گا، اس نے طاقتوروں کو آج للکارا ہے اور سیاسی اداکاروں کو کوٹ لکھپت اور اڈیالہ جیل میں منتقل کیا ہے‘ دھائیوں تک حکومت کرنے والے ایک سال کی حکومت سے حساب مانگ رہے ہیں،پہلے آپ اپنا حساب دیں پھر ہم اپنا حساب دیں گے‘ حکومت اپنی پانچ سال کی مدت پوری کرے گی اور اس کے بعد عوام کی عدالت میں جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ کے نواحی علاقہ رحمت آباد میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ نے غلامی کی زنجیروں کو توڑ دیا ہے اور یونین کونسل وریاہ میں اپنی آزادی کا اعلان کر دیا ہے۔ آج میں آپ کے پاس وزیراعظم کا ایک پیغام لائی ہوں، پاکستان میں ایک طرف نسل در نسل سیاست کرنے والا ٹولہ جو دو خاندانوں پر محیط ہے اس نے ملک کی سیاست پر قبضہ کر رکھا ہے اور دونوں نے مل کر باریاں لگائی ہوئی تھیں جن سے ملک کی عوام ناامید ہو چکی تھی، اللہ تعالیٰ نے ان کے لئے ایک راستہ نکالا اور عمران خان جیسا نڈر، بہادر لیڈر ان کے سامنے لا کھڑا کیا جو نہ صرف ان دونوں خاندانوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گیا ہے بلکہ ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان خاندانوں نے غریب عوام کو محکوم بنا رکھا تھا جن کی سیاست کو عمران خان نے زنگ آلود کر کے دفن کر دیا ہے اور ملک میں پاکستان تحریک انصاف کی صورت میں تیسری سیاسی پارٹی کھڑی ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کریں گے اور ملک میں 72سالہ زنگ آلود نظام تبدیل کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں ایک ایسا نظام ہے جو امیر کو امیر تر اور غریب کو غریب تر کرتا جا رہا ہے جہاں پر غریب کے لئے قانون الگ ہے اور طاقتور کے لئے قانون الگ ہے۔ اس نظام کو بدلنے کے لئے عمران خان نے کمر کس لی ہے۔