تہران ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کے روز ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مشاورت کی گئی ۔ایک ماہ کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ دوسری ملاقات تھی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کو مستحکم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔ وزیر اعظم خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کے اپنی سفارتی مہم کے حصے کے طور پر تہران پہنچے ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری اور سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔