پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فاروق اعظم ملک کی اے پی پی سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فاروق اعظم ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکاہے، تحریک انصاف کی حکومت قوم کے اعتماد پر پورا اترے گی، کشمیر کی آزادی طے ہوچکی ہے۔ یہ بات انہوںنے اے پی پی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کو ملک مشکل حالات میں گھرا ہوا ملاتھا لیکن وزیراعظم عمران خان کی لیڈر شپ نے مشکل حالات کے باوجود ملک کو درست سمت پر ڈال دیا ہے۔ ایک بات کے سوال کے جواب میں فاروق اعظم ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے بھارت کے ظلم کے جواب میں قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کردی ہے، اب کوئی طاقت کشمیریوں کو آزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں جارحیت سے روکنے کیلئے عالمی برادری اپنا کردار اداکرے۔