اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان میں عراقی سفارتخانہ نے زائرین کو ویزوں کی فراہمی کے لیے پراسس کو آسان بنانے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ عراق میں مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے جانیوالے پاکستانی زائرین کو ویزہ کے حصول کے لیے مشکلات کے حوالے سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار بخاری نے عراقی حکام سے رابطہ کیا تھا اور انہیں پاکستانی زائرین کو پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا۔ وزارت اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی کی مداخلت پر عراقی حکومت نے پاکستانی زائرین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔اس حوالے سے پاکستان میں عراق کا سفارتخانہ زائرین کو ویزوں کی فراہمی کے لیے پراسس کو آسان کرے گا۔