اسلام آباد ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے تحت حق کی آواز کو کچلا جا رہا ہے، مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث ہے، مقبوضہ وادی میں لوگوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، قومیں باہمی اعتماد اور تعاون سے آگے بڑھتی ہیں، مودی نے پر امن مذاکرات کی تمام پیشکشیں ٹھکرا دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی کے شہر استنبول میں اسپیکر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا موضوع دہشتگردی کی روک تھام اور علاقائی رابطہ کاری کا فروغ ہے، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے خطے کی خوشحالی کے لئے اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ پائیدار ترقی اور مسائل کے حل کے لئے فورم کو زیادہ با اختیار بنانا ہوگا، امن و سلامتی کی چھتری تلے خطے کی رابطہ کاری کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے، دہشتگردی کا تعلق کسی قومیت یا مذہب سے نہیں، پاکستان خود دہشتگردی کا شکار رہا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا۔ستر ہزار سے زائد افراد شہید، اربوں ڈالر کا نقصان ہوا لیکن ہمارا عزم پختہ ہے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان نے پارلیمان، حکومتی اور عدالتی سطح پر اقدامات اٹھائے ہیں، پاکستان کی پارلیمان نے موثر قانون سازی کی ہے دنیا کو دہرا معیار ترک کرنا ہوگا۔