اسلام آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی) پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے قطر کے دورے کے آخری روزمیں اہم ملاقاتیں کیں اور جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں خصوصی خطاب بھی کیا۔ جمعرات کو پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق نیول چیف نے کمانڈر قطر ایئر فورس اور کمانڈنٹ جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے دونوں ممالک کی افواج کے مابین رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سربراہ پاک بحریہ نے جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں کورس کے شرکاء سے خصوصی خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں نیول چیف نے دنیا اور خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا احاطہ کیا اور اس تناظر میں باہمی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیرالبحر نے اپنے خطاب میں مسلم امہ کے بلند مقام کے دوبارہ حصول کوکردار کی پختگی، اللہ پر کامل یقین اور سنت رسولۖ کی پیروی سے مشروط کیا۔ نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔