اسلام آباد ۔ 11 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس شعبہ کے فروغ سے ہی 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا سب سے اہم منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا، صوبائی اور وفاقی سطح کے ٹیکسوں سمیت مختلف مسائل کے حل کے حوالہ سے قابل عمل تجاویز مرتب کرنے کیلئے چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر کی سربراہی میں چیئرمین ایف بی آر، گورنر سٹیٹ بینک، وزیر خزانہ پنجاب، صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور ہدایت کی کہ کمیٹی آئندہ 24 گھنٹوں میں ٹیکسوں، بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی اور دیگر مشکلات کے حل کے حوالہ سے لائحہ عمل اور سفارشات پیش کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو تعمیرات کے شعبہ کی بحالی و فروغ کے حوالہ سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت، وزیر ہائوسنگ پنجاب میاں محمود الرشید، وزیر خزانہ بلوچستان ظہور احمد بلیدی، چیئرمین ایف بی آر سیّد شبرزیدی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سیّد زبیر حیدر گیلانی، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن جہانزیب خان، چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور سینئر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تعمیرات کے شعبہ کو درپیش چیلنجز کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم کو تعمیرات کے شعبہ میں بلڈرز، کنٹریکٹرز، ڈویلپرز اور املاک کی خرید و فروخت میں درپیش مسائل خصوصاً صوبائی و وفاقی سطح پر ٹیکسز کی شرح، بینکوں کی جانب سے سرمایہ فراہم کرنے کے حوالہ سے مشکلات، رجسٹریشن و دیگر سرکاری کارروائیوں کے حوالہ سے درپیش مسائل، بدعنوانی وغیرہ جیسے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبہ سے 40 کے لگ بھگ صنعتیں منسلک ہیں، تعمیرات کے شعبہ سے جہاں ان صنعتوں کو ترقی ملے گی وہاں نوجوانوں کیلئے نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ معاشی عمل کو تیز کرنے کیلئے تعمیرات کے شعبے کا فروغ ازحد ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تعمیرات کا شعبہ ہماری حکومت کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے، تعمیرات کے شعبہ کے فروغ سے ہی 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا سب سے اہم منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ اجلاس میں بینکوں کی طرف سے تعمیرات کیلئے قرضوں کی فراہمی، صوبوں میں تعمیرات کے شعبہ میں یکساں شرح ٹیکس کے اطلاق اور سرکاری نجی شراکت داری کے فروغ کے حوالہ سے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ صوبائی اور وفاقی سطح کے ٹیکسوں سمیت مختلف مسائل کے حل کے حوالہ سے قابل عمل تجاویز مرتب کرنے کیلئے وزیرِاعظم نے چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر کی سربراہی میں چیئرمین ایف بی آر، گورنر اسٹیٹ بینک، وزیر خزانہ پنجاب، صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کمیٹی آئندہ 24 گھنٹوں میں ٹیکسوں، بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی اور دیگر مشکلات کے حل کے حوالہ سے لائحہ عمل اور سفارشات پیش کرے۔