نیروبی ۔ 13 نومبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کی نائب سیکرٹری جنرل امینہ محمد نے کہا ہے کہ خواتین کو با اختیار بنائے بغیر پائیدار ترقی کا عالمی ہدف حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ کینیا کے دارلحکومت میں ہونے والی عالمی کانفرنس برائے بہبود آبادی و ترقی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جامع ترقی ، جمہوری نظم ونسق ، امن ومساوات اور غربت کے خاتمہ کے لئے صنفی مساوات ، خواتین کو با اختیار بنانا اور ان کے حقوق کو سربلند رکھنا ایک گیم چینجر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس ہمیں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے سیاسی و مالیاتی تحریک بروئے کار لانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماں اور بچہ کی شرح اموات میں کمی خاندانی منصوبہ بندی اور خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمہ کے لئے کوششیں تیز کرنی چاہیں۔