سٹیون سمتھ کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 7 ہزار رنز کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کیلئے 27 رنز درکار

سڈنی۔ 14 نومبر (اے پی پی) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز سٹیون سمتھ کو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 7 ہزار رنز کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے لئے 27 رنز درکار ہیں۔ اس بات کے قوی امکان ہے کہ سٹیون سمتھ پاکستان کے خلاف ہوم سیریز میں یہ سنگ میل عبور کر لیں گے ۔ اس وقت تیز ترین 7 ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی اعزاز سابق انگلش بلے باز ویلی ہیمنڈ کے پاس ہے۔ جنہوں نے 131 اننگزوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ سمتھ نے 124 اننگز میں 6973 رنز بنارکھے ہیں اور اب ان کے پاس ہیمنڈ کا تیز ترین 7 ہزار رنز کا عالمی ریکارڈ توڑنے کا موقع ہے۔