لاہور۔14 نومبر(اے پی پی )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی سیاست کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے اور عوام کے معمولات اور کاروبار زندگی کو مفلوج کرنے کی کوشش ان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، نواز شریف کو حکومت نے انسانی بنیادوں پر آسان راستہ فراہم کیا ،نواز شریف کے خلاف عدالتوںمیں جو کیسز موجود ہیں وہ 7 ارب روپے سے کہیں زیادہ رقوم کے ہیں اور جس شورٹی بانڈ کا تقاضہ کیا گیا ہے وہ انہیں مختلف کیسز میں ہونے والے جرمانوں کی رقم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا کہ مولانافضل الرحمان اپنے مطالبات کے حوالے سے پہلے دن سے تذبذب کا شکار ہیں اور وفاقی دارالحکومت میں پڑائو ختم کرنے کے بعد ملک بھر میں شاہراہیں بند کرنے کا اعلان ان کی بدحواسی کی عکاسی کرتا ہے ، اگر عوام کے معمولات زندگی اور کاروبار کو مفلوج کرنے کی کوشش کی گئی تو قانون نافذ کرنے والے ادارے ضرور حرکت میں آئیں گے اور اس کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے، ایسے حالات میں جب سٹاک ایکسچینج میں تیزی آرہی ہے، معیشت کے حوالے سے عالمی اداروں کی حوصلہ افزاء رپورٹس سامنے آرہی ہیں مولانا فضل الرحمان ملکی ترقی میں رکاوٹ کھڑی کرنے کیلئے کوشاں ہیں، اس طرح کے ہتھکنڈوں سے جمہوریت مضبوط نہیں ہوتی۔ انہوں نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے معاملے میں ڈیڈ لاک کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ ہیں لیکن حکومت نے عدالت کی جانب سے انہیں طبی بنیادوں پر ضمانت ملنے کے بعد انسانی ہمدردی کے تحت آسان راستہ فراہم کیا جسے انہوں نے خود پیچیدہ بنایا، نواز شریف کی صحت تشویشناک ہے، مسلم لیگ (ن) کو تو ایک رات بھی ضائع نہیں کرنی چاہئے۔