اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) 3 رکنی پاکستانی ٹیم سپیشل اولمپکس ایشیا پیسفک بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ فیڈرل سپیشل اولمپکس پاکستان کی ریجنل سپورٹس ڈائریکٹر شمائلہ ارم نے بدھ کو اے پی پی کو بتایاکہ چیمپئن شپ تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں شروع ہوچکی ہے جو 16 نومبر کو اختتام پذیر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں دو مرد کھلاڑی محسن احمد اور ثمر خان پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ مطاہر سہیل بطور کوچ ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں 14ممالک کے 150 مندوبین شرکت کریں گے۔ ایونٹ میں پاکستان سمیت بنگلہ دیش، ہانگ کانگ، بھارت، انڈونیشیائ، کوریا، مکائو ، ملائیشیا، مالدیپ، میانمر، فلپائن، سنگاپور اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔