ویلنگٹن ۔ 12 نومبر (اے پی پی) انگلینڈ الیون نے نیوزی لینڈ الیون کے خلاف دو روزہ ٹور میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 285 رنز بنا لئے، پہلی وکٹ 37 رنز پر گرنے کے بعد زیک کراولے اور ڈومینک سیبلے حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پر 212 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، زیک کراولے 103 اور ڈومینک سیبلے 100 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے تاہم دونوں کھلاڑی اپنی سنچریاں مکمل کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، کپتان جو روٹ 41 اور اولی پوپ 9 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ منگل کو فانارئی کے مقام پر شروع ہونے والے دو روزہ ٹور میچ کے پہلے روز انگلینڈ الیون نے پہلی اننگز شروع کی تو اس کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 23 کے انفرادی سکور پر اس کے ابتدائی کھلاڑی روئے برنز آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، انکو شیپلے نے مک کلویئر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔ اس موقع پر زیک کراولے اور ڈومینک سیبلے نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور اپنی اپنی سنچریاں مکمل کیں اور اپنی ٹیم کے مجموعی سکور کو ایک وکٹ کے نقصان پر 240 رنز تک پہنچا دیا۔ پہلے دن ختم ہونے تک دونوں کھلاڑیوں نے اپنی سنچریاں مکمل کرلیں، زیک کراولے 103 اور ڈومینک سیبلے 100 رنز کے بنائے تاہم اس کے بعد دونوں کھلاڑی مزید کھیل جاری نہ رکھ سکے اور ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ انکے بعد کپتان جو روٹ اور اولی پوپ نے ٹیم کے مجموعی کو آگے بڑھانا شروع کیا، اس طرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ الیون نے پہلی اننگز میں 1 وکٹ پر 285 رنز بنا لئے تھے، جو روٹ 41 اور اولی پوپ 9 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔ نیوزی لینڈ الیون کے شیپلے نے ایک وکٹ لی۔