بیجنگ ۔ 14 نومبر (اے پی پی) چین نے مریخ پرخلائی مشن کی لینڈنگ کا تجربہ زمین پر کیا ہے ۔چینی میڈیا کے مطابق یہ تجربہ شمالی صوبے ہیبی میں ایک وسیع و عریض گرائونڈ میں کیا گیا جس کا مشاہدہ غیر ملکی سفیروں اور ماہرین کو بھی کرایا گیا۔ چین نیشنل سپیس ایڈمنسٹریشن کے مطابق ، چین 2020 ء میں مریخ پر تحقیقات کا آغاز کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ مریخ پر بحفاظت اترنا مجوزہ چینی خلائی مشن کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہے۔اس تجربے کے دوران لینڈر کے ڈیزائن کو جانچنے کے لئے زمین پر کشش ثقلکو تقریبا ایک تہائی کم کیا گیا۔ اس تجربے کا نظارہ کرنے کے لیے فرانس ، اٹلی اور برازیل سمیت 19 ممالک کے سفیروں اور سفارتکاروں کے علاوہ یورپی یونین ، افریقی یونین اور ایشیاء پیسیفک خلائی تعاون تنظیم کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔