اسلام آباد ۔ 10 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قابض بھارتی حکومت تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین کے برعکس مقبوضہ وادی میں کشمیری جوانوں، بچوں اور عورتوں کا بہیمانہ قتل عام بند کرے، ہم حق خود ارادیت کے لئے میدان عمل میں ڈٹے ہوئے جری کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور پوری ثابت قدمی سے ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیں عالمی ضمیر، عالمی قانون کے پاسداران اور سلامتی کونسل سے اپیل کرنی چاہئیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی حکومت کے ناجائز قبضے کے خلاف اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت رسول کریم ﷺ کے روشن فرامین خصوصاً خطبہ حجة الوداع کی روشنی اور دستور پاکستان کی روح کے مطابق بلا تفریق اپنے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اہل اسلام کو مساوات، عدل و انصاف اور انسانی حقوق کے تحفظ کا وہ پیغام یاد رکھنا چاہئیے جو ہمارے نبی مہربان ﷺ نے 14 سو سال قبل دیا تھا۔ یہ پیغام انسانی حقوق اور تکریم آدمیت کی تعظیم جسے ارفع اوصاف کا حامل ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ قابض بھارتی حکومت تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین کے برعکس مقبوضہ وادی میں کشمیری نوجوانوں، بچوں اور عورتوں کا بہیمانہ قتل عام بند کرے، ہم اپنے حق خود ارادیت کے لئے میدان عمل میں ڈٹے ہوئے جری کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور پوری ثابت قدمی سے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔