وزیراعظم عمران خان کا کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو ٹیلیفون’ حالیہ انتخابات میں کینیڈا کے وزیراعظم کو ان کی سیاسی جماعت کی کامیابی اور آئندہ مدت کیلئے حکومت بنانے پر مبارکباد پیش

اسلام آباد ۔ 13 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو ٹیلیفون کیا ہے۔ انہوں نے حالیہ انتخابات میں کینیڈا کے وزیراعظم کو ان کی سیاسی جماعت کی کامیابی اور آئندہ مدت کیلئے حکومت بنانے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم عمران خان نے کینیڈا کے وزیراعظم سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم ٹروڈو کی قیادت میں پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کینیڈا کے ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کئی ماہ سے جاری مسلسل لاک ڈائون اور دیگر پابندیوں کے فوری خاتمہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے کی کشیدگی کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ مسئلہ کے پرامن حل میں مدد ملے گی۔