اسلام آباد ۔ 23 جنوری (اے پی پی) ملک سے سلے سلائے ملبوسات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 12.08 فیصد اضافہ ہواہے۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کے مطابق جولائی تا دسمبر2019ءسلے سلائے ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو1.41 ارب ڈالر مالیت کا زرمبادلہ حاصل ہوا، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 12.08 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں سلے سلائے ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو1.25 ارب ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔اعدادوشمارکے مطابق اس عرصہ میں ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں مجموعی طورپر3.94 فیصداضافہ ہواہے۔ جولائی تا دسمبر2019ءٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات سے ملک کو 6.905 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات سے ملک کو6.64 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔دسمبر 2019ءکے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں اضافہ کی شرح 0.36 فیصد رہی۔