لاہور۔28 جنوری(اے پی پی )ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کا آفیشل ترانہ “تیار ہیں” کے لانچ کی تقریب 28 جنوری بروز منگل کو لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔لیگ میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز نے تقریب میں شرکت کی جہاں حاضرین کو”تیار ہیں” ،ملک کے صف اول کے ٹیلی ویژن نیوز چینلز پر نشر ہونے سے قبل سنوایا گیا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔ اب ایونٹ سے قبل اور میچز کے دوران وینیوز پر آفیشل ترانہ مسلسل بجایا جاتا رہے گا۔ترانے کے لانچ کی تقریب میں چھ فرنچائزز، اسپانسرز، میڈیا اور پی سی بی کے نمائندگان نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء نے ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے آفیشل ترانے کو خوب سراہا، جو مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے مکمل ایڈیشن کے پاکستان میں انعقاد پر جوش وخروش کی عکاسی کرتا ہے۔”تیار ہیں”کے باضابطہ لانچ سے آدھا گھنٹہ قبل تقریب میں ترانہ بجانے کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ایک مختصراََ سوال و جواب کا سیشن ہوا۔ اس سیشن میں ٹیموں کے نمائندگان،کھلاڑیوں، سینئر ممبران اور میڈیااراکین نے شرکت کی۔ سوال و جواب میں شریک حاضرین نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشنز سے متعلق اپنی یادیں تازہ کرنے کے ساتھ آئندہ ایڈیشن سے متعلق توقعات کا بھی اظہار کیا۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ آفیشل ترانے کے لانچ کے ساتھ ہی ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کی مارکیٹنگ مہم کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آفیشل ترانہ “تیار ہیں” لیگ کے مکمل ایڈیشن کے پاکستان میں انعقاد پر جشن مناتے مداحوں کی حقیقی ترجمانی کرتا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس تقریب کے کامیاب انعقادسے واضح ہوگیا کہ ایونٹ میں شریک تمام اسٹیک ہولڈرز ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، انہیں امید ہے کہ لیگ کا آئندہ ایڈیشن کامیابی کے نئے معیار قائم کرے گا۔احسان مانی نے کہا کہ وہ اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر پی سی بی کی ٹیم کے مشکور ہیں اور انہیں امید ہے کہ ٹیم میں شامل تمام افراد اسی محنت اور لگن کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر 22 مارچ تک کام کرتے رہیں گے۔سی ای او لاہور قلندرزعاطف رانا کا کہنا ہے کہ “تیار ہیں” جوش و جذبے سے بھرپور ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ ترانہ آئندہ چند روز میں ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ لیگ ارتقاء کے عمل سے گزر رہی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوشش ہے کہ آنے والا ہر ایڈیشن پچھلے ایڈیشن سے بہتر ہو۔ مالک پشاور زلمی جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے آفیشل ترانے کے لانچ کی تقریب میں ان کی شرکت پی سی بی ا ور فرنچائزز کے درمیان خوشگوار تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لیگ پاکستان کی ہے اور ہم اسے کامیاب کرنے کے لیے یکجا ہیں۔ جاوید آفریدی نےکہا کہ یہ ترانہ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز کے پاکستان میں انعقاد پر شائقین کرکٹ کے جوش و خروش کی ترجمانی کرتاہے۔مالک ملتان سلطانزعالمگیر خان ترین نے کہا کہ وہ اس سےقبل کسی ایسے ایونٹ میں شریک نہیں تھے جہاں تمام اسٹیک ہولڈرز ایک چھت تلے آفیشل ترانے کی لانچ کا جشن منارہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترانہ سننے کے بعدوہ ایونٹ کے آغاز کا بے قراری سے انتظار کررہے ہیں۔ مالک کوئٹہ گلیڈی ایٹرزندیم عمر نے کہا کہ “تیار ہیں” ایک بہترین ترانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ہر آنے والے ترانہ پچھلے سے بہتر ہوتا ہے اور یہی اس ایونٹ کی کامیابی کا راز ہے۔ مالک اسلام آباد یونائیٹڈعلی نقوی نے کہا کہ یقین ہے کہ اس گانے کی دھن اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کو جھومنے پر مجبور کردے گی انہوں نے کہا کہ “تیار ہیں” آج سے ان کی پلے لسٹ کا حصہ بن چکا ہے۔مالک کراچی کنگزسلمان اقبال کا کہنا ہے کہ “تیار ہیں” پاکستانی ثقافت کی ترجمانی کرتا ہے اور وہ پرامید ہیں کہ یہ ترانہ اب شاہراہِ فیصل سے عبدالستار ایدھی روڈ سے گزرتی ہر گاڑی میں بجتا نظر آئے گا۔چیف مارکیٹنگ آفیسر ایچ بی ایل نوید اصغر نے کہاکہ ایچ بی ایل ، پاکستان سپر لیگ کے آغاز سے اب تک لیگ کا اہم اسپانسر ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ یہ ذکر کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں ایچ بی ایل پی ایس ایل ملک کا سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ ہے۔سینئر صحافی عقیل احمد کا کہنا ہے کہ میڈیا پی سی بی کا ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہے جو مختلف ایونٹس کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھرپور کوریج فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت سے انہیں پی سی بی کا اعتماد حاصل ہوا ہے۔عقیل احمد نے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں کی جانب سے یقین دلاتے ہیں کہ میڈیا ایچ بی ایل پی ایس ایل کی بہترین کوریج کرتے ہوئے پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے کی کوشش کرے گا، وہ پرامید ہیں کہ ایونٹ کے دوران میڈیا رپورٹنگ سے دنیا بھر میں مثبت پیغام جائے گا جو غیرملکی ٹیموں کو پاکستان لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔”تیار ہیں” کی موسیقی اور دھن سننے والے کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے جو منفرد انداز میں ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے پاکستان میں انعقاد کا جشن مناتی ہیں۔آفیشل ترانے کے لانچ کے ساتھ ہی ایچ بی ایل پی ایس ایل کی مارکیٹنگ مہم کا آغاز بھی کیا جاہے،”تیار ہیں” میں پاکستان کے معروف راک گلوکار علی عظمت، فوک گلوکار عارف لوہار، “آواز “بینڈ سے شہرت پانے والے گلوکار ہارون رشید اور مشہور پاپ گلوکار عاصم اظہر نے آواز کا جادوجگایا ہے۔ آفیشل ترانے کی ہدایتکاری معروف موسیقار ذوالفقار جبار خان اور کمال خان نے کی ہے۔”تیار ہیں” کی موسیقی میں ت±نبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم سمیت کل 22 سازوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ترانے کی آفیشل ویڈیو میں قومی کرکٹ اسٹارز بابراعظم، حسن علی، رومان رئیس، سرفراز احمد، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی بھی جلوہ گر ہوئے۔