جنیوا/ اسلام آباد۔ 29 جنوری (اے پی پی) تحریک کشمیر یورپ کی اپیل پر تحریک کشمیر سوئٹزر لینڈ کے زیر اہتمام 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جنیوا میںاقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کے ہیڈ کواٹرز کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ تحریک کشمیر یورپ سوئٹز ر لینڈ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق تحریک کشمیر سوئٹز ر لینڈ کے صدر چوہدری اعجاز طاہر، جنرل سکریٹری یامین سید اور نائب صدر میاں عامر نے کہا ہے کہ آزادی کی جدو جہد میں وہ تنہا نہیں ان کی قربانیاں رنگ لائیں گی، بھارتی سازشوں اور ہتھکنڈوں کو بے نقاب کیا جائے گا، بھارت کا مکروہ اور گھناﺅنا چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا، بھارت کا ظلم و ستم کشمیریوں کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتا، چھ ماہ مسلسل کرفیوکے باجود بھی نہتے کشمیری عوام بھارتی درندہ صفت فوج کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں جو بھارت کے لیے نوشتہ دیوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر سے نکل جائے۔ انہوں کہا 5 پانچ فروری کو پوری دنیا میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر کے ان کی حو صلہ افزائی کی جاتی ہے اور دنیا کو پیغام دیا جاتا ہے کہ بھارت ایک ظالم، قاتل اور انسانیت کا دشمن ملک ہے۔ بھارت نام نہاد جمہوریت کے لبادے میںکشمیریوں کی نسل کشی اور دنیا کو دھوکہ دے رہا ہے، کشمیریوں کے جمہوری حقوق کو پامال کر رہا ہے۔ بھارت نے عالمی معاہدوں کی خلاف ورزیاں کر کے طاقت کے بل بوتے پر کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے جبکہ کشمیری بھارتی تسلط کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں اور ان مشکل اور سنگین تر حالات میں بھی استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔